ایوب میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ ایبٹ آباد نے عام انتخابات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی مرتب کر لی

پیر 5 فروری 2024 14:11

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2024ء) ایوب میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ ایبٹ آباد نے عام انتخابات کے سلسلے میں صحت عامہ کی خدمات برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی مرتب کر لی۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایوب ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر اطہر لودھی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تمام متعلقہ شعبوں کے سپروائزرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ سٹاف ڈیوٹی امور کو منظم انداز میں چلایا جائے۔

شعبہ ایمرجنسی میں سٹاف حاضری یقینی بنانے سمیت متبادل سٹاف کا بھی انتظام کیا جائے۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نرسنگ سٹاف کی ڈیوٹی پر موجودگی بھی یقینی بنائی جائے۔ صحت عامہ کی بلا تعطل فراہمی کے لئے لائف کئیر ایمرجنسی گاڑیوں اور تربیت یافتہ سٹاف کی موجودگی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق عام انتخابات کے تناظر میں کسی بھی صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال کے متعلق معلومات لینے کے لئے ڈاکٹر عمران فاروق کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جن سے موبائل فون نمبر 5033849 0333 پر ضروری معلومات لینے کے لئے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اعلامیہ میں سکیورٹی امور کو حالات کے مطابق رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔