سابق دور میں حکومتی کارکردگی مثالی تھی ،عبدالقہار خان ودان

ہم نے تعلیم، صحت پینے کے صاف پانی ، روڈ انفرسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں بہترین منصوبے بنائے جن پر کام جاری ہے ،صدر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی بلوچستان

پیر 5 فروری 2024 22:59

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2024ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی بلوچستان کے صدر عبدالقہار خان ودان نے کہا ہے کہ سابقہ دور میں ہماری حکومت کی کارکردگی مثالی تھی ہم نے تعلیم، صحت پینے کے صاف پانی ، روڈ انفرسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں بہترین منصوبے بنائے جن پر کام جاری ہے اور ان کے مکمل ہونے سے لوگ ا ن کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔

یہ بات انہوںنے پیر کوکوئٹہ پریس کلب میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263 سے آزاد امیدوار سردار زادہ عبدالمتین سلیمانخیل کی جانب سے پارٹی کے چیئرمین اور این اے 263 سے امیدوار محمود خان اچکزئی کے حق میں دستبردار ہونے کے موقع پر پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی ۔ عبدالقہار خان ودان نے کہا کہ سابق دور حکومت میں ہم نے کوئٹہ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے منگی ڈیم، برج عزیز ڈیم سمیت 100 ڈیم کے منصوبے میں ڈیمز کی تعمیر کو یقینی بنانے کے لئے کردار ادا کرتے ہوئے تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لئے پرائمری مڈل ، ہائی سکولوں کی بہتری اور ان کی اپ گریڈیشن کرکے ڈگری کالجز کا درجہ دینے کے ساتھ ساتھ صوبے کے تمام اضلاع میں کیڈٹ کالجز کے ساتھ ساتھ تحصیل کی سطح پر بوائز اینڈ گرلز تعلیمی ادارے اور صوبے میں پہلی بار 4 یونیورسٹیوں کا قیام جس میں زرعی ، میڈیکل یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا اس کے علاوہ امن کی بحالی کے لئے مثالی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے اقدامات کرکے اس کو مستقل طور پر حل کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے تھے۔ اور کوئٹہ کی بہتری کے لئے ماسٹر پلان پر جلد کام کا آغاز کریں گے پارٹی منشور میں بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263 سے آزاد امیدوار سردارزادہ عبدالمتین سلیمانخیل نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی کے لئے بھر پور کردار اد اکریں گے۔

عبدالقہار خان ودان نے سردار زادہ عبدالمتین سلیمانخیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سلیمان خیل قبیلے کا بڑا ووٹ بینک ہے ان کی حمایت سے ہماری پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ جس سیٹ پرمحمود خان کھڑے ہوں گے اس پر پارٹی امیدوار دستبردار ہوگا لیکن جمال شاہ کاکڑ ادارے کے کہنے پر دستبردار نہیں ہوئے۔ اب دیکھیں کہ پارٹی کے ووٹ میاں نواز شریف کی ہدایت پر محمود خان یا جمال شاہ کو پڑتے ہیں۔