نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے آسٹریلوی سکواڈ کا اعلان

منگل 6 فروری 2024 15:10

نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے آسٹریلوی سکواڈ کا اعلان
کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2024ء) آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ نیوزی لینڈ کے لئے ٹی ٹونٹی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف رواں ماہ ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے اہم کھلاڑیوں کو واپس بلا کر رواں سال ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنی تیاریوں کو تیز کر دیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز امریکہ میں منعقدہ ایونٹ سے قبل آخری دو طرفہ سیریز ہوگی۔

(جاری ہے)

منگل کو اعلان کردہ سکواڈ کے مطابق فاسٹ باولر پیٹ کمنز اور مچل سٹارک کی 15رکنی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے ہیرو ٹریوس ہیڈ اور ساتھی بیٹر سٹیو سمتھ بھی سکواڈ میں شامل ہیں۔آل رائونڈر مچل مارش، پیٹ کمنز کی شمولیت کے باوجود ٹیم کی قیادت کریں گے۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے میچز 21،23 اور 25 فروری کو کھیلے جائیں گے۔کینگروز کے سکواڈ میں کپتان مچل مارش، مچل سٹارک ،پیٹ کمنز، ٹریوس ہیڈ ، سٹیو سمتھ ، ٹم ڈیوڈ ، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا، گلین میکسویل ،میتھیو ویڈ اور مارکس سٹوئنس شامل ہیں۔