کراچی میں الیکشن سے ایک روز قبل ہوا دھماکا خودکش قرار

فاروق رحمن نے نامعلوم سہولت کاروں کے ایما پرخود کش حملہ کیا،مدعی ایس ایچ او کا دعویٰ

اتوار 11 فروری 2024 18:05

کراچی میں الیکشن سے ایک روز قبل ہوا دھماکا خودکش قرار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2024ء) پولیس نے الیکشن سے ایک روز قبل گلشن اقبال میں ہونے والے دھماکے کو خودکش قرار دے دیا، لیموں گوٹھ دھماکے میں خاتون اور بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے تھے۔پولیس حکام کے مطابق الیکشن سے ایک روز قبل گلشن اقبال میں دھماکا ہوا تھا جس کا مقدمہ ایس ایچ او مبینہ ٹائون کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمے میں قتل، انسداد دہشت گردی اور ایکسپلوزیو ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مقدمے میں ہلاک حملہ آور اور نامعلوم سہولت کاروں کو نامزد کیا گیا، مبینہ حملہ آور فاروق رحمن میرانی کی ہلاکت ہوئی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات جاری ہیں کہ فاروق رحمن کے پاس دستی بم کیسے اور کہاں سے آیا مدعی ایس ایچ او کا دعوی ہے کہ فاروق رحمن نے نامعلوم سہولت کاروں کے ایما پرخود کش حملہ کیا، حملے میں ہونے والا جانی نقصان قتل اور دہشت گردی کی حد کو پہنچتا ہے۔

حملہ خودکش ہونے پر مقدمے کی تفتیش کالعدم علیحدگی پسند جماعتوں کے لیے بنایا گیا سی ٹی ڈی سیل کرے گا۔یاد رہے کہ گلشن اقبال حاجی لیموں گوٹھ دھماکے میں خاتون اور بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے تھے۔