باغبانوں کو اچھی نرسریوں سے اعلیٰ نسل کے تھرپس، سکیل،ملی بگ سے پاک ترشاوہ پودے حاصل کرکے باغات میں لگانے کی ہدایت

پیر 12 فروری 2024 15:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2024ء) ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو فروری کے وسط سے لے کر مارچ کے دوران نئے پودے لگانے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سٹرس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آری فیصل آباد کے ماہرین نے کہا کہ باغبان مسمی، مالٹا، کینو،کاغذی لیموں،میٹھا، ولنشیا، گریپ فروٹ کے باغات لگانے کےلئے صحت مند بیجوں کا انتخاب کریں اور اس کےلئے اچھی نرسریوں سے اعلیٰ نسل کے پودوں کا حصول بھی یقینی بنایا جائے تاکہ باغات بہترین پھل فراہم کرسکیں ، اگر یہ عمل مارچ کے اندر اندر مکمل کر لیا جائے تو پودوں کی بڑھوتری زیادہ بہتر انداز میں ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے باغات لگانے کےلئے زمین میں کیمیائی تعامل،ہوا اور پانی کا نکاس اچھا ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر زیر زمین سطح آب پانچ میٹر یا اس سے زیادہ ہو وہاں بہترین پودے پرورش پاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند روٹ سٹاک کا انتخاب کرتے ہوئے درمیانے قد کے پودے جن کی عمر تین سال سے زیادہ نہ ہو کی بوائی بہتر پیداوار فراہم کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترشاوہ پھلوں کی پیوند کاری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پودے کو تھرپس، سکیل، ملی بگ اور دیگر بیماریوں سے پاک ہونا چاہیے۔ انہوں نے پودے لگانے کے بعد ماہرین کے مشورہ سے آبپاشی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

متعلقہ عنوان :