لیسکونے صارفین کی مشکلات کے ازالے کیلئے آفیشل ویب سائٹ کو جدید خطوط پراستوارکردیا

پیر 12 فروری 2024 18:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2024ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو)نے صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے اور معلومات کی فراہمی کوآسان بنانے کے لیے آفیشل ویب سائٹ کو اپ گریڈ کر دیا۔ ترجمان لیسکو کے مطابق آفیشل ویب سائٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے تاکہ لیسکو صارفین کے لیے شکایات کا ازالہ اور معلومات تک رسائی آسانی سے ممکن ہو۔

ویب سائٹ کی اپ گریڈیشن کے موقع پر ڈی جی آئی ٹی طاہر ندیم،ڈائریکٹر کریڈیٹ مینجمنٹ یونٹ رائے مسعود کھرل،منیجر ایم آئی ایس وسیم اقبال،منیجر نیٹ ورک تنویر احمد اور ایڈیشنل منیجر ایم آئی ایس دردانہ یوسف بھی موجود تھے۔اس موقع پر لیسکو کے آئی ٹی حکام نے انجینئر شاہد حیدر کو ویب سائٹ کی اپ گریڈیشن سے متعلق بریفنگ بھی دی۔

(جاری ہے)

لیسکو کی جانب سے ویب سائٹ کو اپ گریڈ کرنے کا مقصد صارفین کو درست معلومات کی بر وقت فراہمی ہے،ویب سائٹ کی اپ گریڈیشن کے بعد صارفین صرف ایک کلک کی مدد سے ادارے سے متعلق تمام معلومات حاصل کر سکیں گے،ویب سائٹ کی اپ گریڈیشن کے بعد ویب سائٹ پر بلوں سے متعلق تمام معلومات دستیاب ہوگی جبکہ ویب سائٹ پر شکایات کا اندراج بھی ممکن ہوگا۔

ویب سائٹ پر شٹ ڈاؤن اور لوڈشیڈنگ شیڈول کی تمام معلومات بھی دستیاب ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :