جہانگیر خان ترین عہدے سے مستعفی ہونے کے باوجود ذاتی حیثیت میں آئی پی پی فیملی کا حصہ رہیں گے، فردوس عاشق اعوان

پیر 12 فروری 2024 22:56

جہانگیر خان ترین عہدے سے مستعفی ہونے کے باوجود ذاتی حیثیت میں آئی پی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2024ء) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جہانگیر خان ترین ایک زیرک اور اعلی اقدار کے حامل سیاست دان ہیں، جنہوں نے ہمیشہ حفاظتی شیلڈ کے طور پر پارٹی میں اپنا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

پیٹرن انچیف آئی پی پی جہانگیر خان ترین کے اپنے پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر رد عمل میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کو اس مقام تک پہنچانے میں جہانگیر خان ترین کے کردار کو ہمیشہ سراہا جائے گا، عہدے سے مستعفی ہونے کے باوجود وہ ذاتی حیثیت میں آئی پی پی فیملی کا حصہ رہیں گے۔

استحکام پاکستان پارٹی میں ہمیشہ جہانگیر خان ترین کا احترام باقی رہے گا، استعفے کے باوجود آئی پی پی ان کی سیاسی بصیرت سے استفادہ کرتی رہے گی، انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر خان ترین کے استعفے کے بعد صدر عبدالعلیم خان پارٹی کے سربراہ اور روح رواں ہیں ۔صدر آئی پی پی اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں سے پارٹی کو مزید مستحکم کریں گے، آئی پی پی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سمیت تمام قیادت اور ورکرز ان کے ساتھ ہیں، آئی پی پی نے بہت تھوڑے عرصے میں اپنی الگ شناخت بنائی ہے۔