جہانگیر ترین ذاتی حیثیت میں آئی پی پی فیملی کا حصہ رہیں گے‘ فردوس عاشق اعوان

ان کے استعفے کے بعد صدر عبدالعلیم خان پارٹی کے سربراہ اور روح رواں ہیں‘ سیکرٹری اطلاعات آئی پی پی

پیر 12 فروری 2024 23:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2024ء) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیر خان ترین ایک زیرک اور اعلی اقدار کے حامل سیاست دان ہیں، انہوں نے ہمیشہ پروٹیکٹو شیلڈ کے طور پر پارٹی میں اپنا کردار نبھایا، پارٹی کو اس مقام تک پہنچانے میں ان کے کردار کو ہمیشہ سراہا جائے گا۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ عہدے سے مستعفی ہونے کے باوجود وہ ذاتی حیثیت میں آئی پی پی فیملی کا حصہ رہیں گے، استحکام پاکستان پارٹی میں جہانگیر خان ترین کا احترام ہمیشہ باقی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ استعفے باوجود آئی پی پی ان کی سیاسی بصیرت سے استفادہ حاصل کرتی رہے گی، ان کے استعفے کے بعد صدر عبدالعلیم خان پارٹی کے سربراہ اور روح رواں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ صدر آئی پی پی اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں سے پارٹی کو مزید مستحکم کریں گے، آئی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سمیت تمام قیادت اور ورکرز ان کے ساتھ ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ آئی پی پی نے بہت تھوڑے عرصے میں اپنی الگ شناخت بنائی ہے، انشا اللہ آنے والے دنوں میں آئی پی پی مزید مستحکم اور فعال ہو گی۔