میڈیکل کالجزکوجدید تحقیق پربھی توجہ دینے کی ضرورت ہے،پرو وائس چانسلرنیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز راولپنڈی

منگل 13 فروری 2024 14:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2024ء) نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز راولپنڈی کے پرو وائس چانسلر میجر جنرل (ر)پروفیسرڈاکٹر محمد اسلم نے کہا ہے طبی شعبہ دکھی انسانیت کی خدمت کا اہم ذریعہ ہے تاہم اب میڈیکل کالجز کو ڈاکٹرز تیار کرنے کے علاوہ تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کے مطابق جدید تحقیق پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے عزیز فاطمہ میڈیکل کالج فیصل آبادمیں سال اول کی طالبات کی ”وائٹ کوٹ“ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری شعبہ کے میڈیکل کالجز تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ناکافی تھے لیکن نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے مستند اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹروں کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پراطمینان کا اظہار کیا کہ عزیز فاطمہ میڈیکل کالج فیصل آبادنے طبی نصاب میں بہتری کے لئے کلیدی اقدامات کئے جس سے ملک بھر میں نہ صرف سپیشلسٹ ڈاکٹرز پیدا ہوں گے بلکہ تحقیق سے نئی پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج کی راہیں بھی کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ریسرچ ایک مشکل ، طویل اور انتہائی صبر آزما مرحلہ ہے مگر اس سلسلہ میں پہلا قدم ہی ترقی کی سمت متعین کرتا ہے۔

عزیز فاطمہ میڈیکل کالج فیصل آبادکے چیئرمین بورڈآف ٹرسٹی میاں محمد ادریس نے سال اول کی طالبات کا خیر مقدم کیا اور انہیں خدمت خلق کے اس شعبہ میں قدم رکھنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ کوٹ میڈیکل کے شعبہ میں عزت و وقار کی علامت ہے لہٰذاآپ کواس کی لاج رکھنا ہو گی۔ انہوں نے طلباسے حصول علم اور پیشہ وارانہ سرگرمیوں میں دیانت داری سے فرائض سر انجام دینے کا حلف بھی لیا۔ اس موقع پر ٹرسٹی میاں جاویداقبال،ٹرسٹی عبداللہ جاوید،پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید،ڈی جی ایڈمنسٹریشن آفتاب احمد خاں اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :