آر ڈی اے راولپنڈی کے 2 غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور 11 غیر قانونی لینڈ سب ڈویژنز کے مالکان کو نوٹس جاری

بدھ 14 فروری 2024 16:59

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2024ء) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر میٹرو پولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے دو غیر قانونی نجی ہاؤسنگ سکیموں اور 11 غیر قانونی لینڈ سب ڈویژنز کے مالکان ملک تصور، مسٹر ذاکر، ملک ریاست، عاصم عزیز، شیخ میثم، ادریس اعوان، ماسٹر ظہیر، سید ثمر شاہ، چوہدری اسلم بانی، قاضی نوید، حاجی ابرار، چوہدری حمید، ملک اسلم، ملک ابرار، خرم قیوم، چوہدری عابد، راجہ طاہر، چوہدری یاسر، مسٹر کوثر، مسٹر بدر، انجم کیانی اور طاہر مدنی کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

ترجمان آرڈی اے کے مطابق غیر قانونی دو نجی ہاؤسنگ سکیموں میں اتحاد ٹاؤن موضع ہرنال مندرہ چکوال روڈ گوجر خان اور جوریاں تا گاہی سیداں روڈ راولپنڈی موضع جراری پرعزیز بلڈرز اینڈ ڈویلپرز پرائیویٹ لمیٹڈ لمیٹڈ اور11 غیر قانونی لینڈ سب ڈویژنز جن کےموضع جات موضع کلر بدھال تحصیل کلر سیداں، موضع مانکیالہ سٹوپا روڈ ، ناظم آباد موضع لونی کلر بائی پاس روڈ کلر سیداں، موضع بگہ شیخاں، موضع چک بھٹہ، موضع دھمیال، موضع بشنڈوٹ، موضع کھبل، موضع سکھواور موضع میرا سنگل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی اشتہارات اور مارکیٹنگ کے خلاف کارروائی کی جائے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی جائیں۔ مزید برآں، سپانسرز کو بھی متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی غیر منظور شدہ وغیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی مارکیٹنگ فوری طور پر بند کر دیں اور قانون کے مطابق سکیم کا این او سی و منظوری حاصل کرنے کے لیے آر ڈی اے سے رابطہ کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر عوام الناس کو اپنے مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر مجاز ہاؤسنگ سکیموں میں کسی قسم کی سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے آر ڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر چیک کریں۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان اور سپانسرز اشتہارات کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پلاننگ ونگ آر ڈی اے نے سائبر کرائم ونگ اور ایف آئی اے سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے غیر قانونی اور گمراہ کن اشتہارات کے خلاف قانونی کارروائی کریں تاکہ عوام الناس کو ان کے گھپلوں میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا جرائم غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے مالکان کی طرف سے کیے گئے ہیں اور پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز 2021 کے قاعدہ 37 کے تحت بھی قابل ذکر ہیں۔ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔\378