گاڑیاں مزید مہنگی ہونے کا امکان، سیلز ٹیکس میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے مقامی سطح پر تیار ہونے والی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 25 فیصد کرنے کی منظوری دے دی گئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 15 فروری 2024 00:54

گاڑیاں مزید مہنگی ہونے کا امکان، سیلز ٹیکس میں نمایاں اضافہ کر دیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 فروری2024ء) گاڑیاں مزید مہنگی ہونے کا امکان، سیلز ٹیکس میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے مقامی سطح پر تیار ہونے والی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 25 فیصد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس منعقد ہوا جہاں چار نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا ۔

اجلاس میں مقامی سطح پر تیار ہونے والی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اجلاس میں مقامی سطح پر تیار ہونے والی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 25 فیصد کرنے کی منظوری دے دی گئی، جس کے نتیجے میں گاڑیاں مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے کی منظوری دی گئی۔ نگران حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر گیس مزید مہنگی کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے تاہم حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پروٹیکٹڈ، نان پروٹیکٹڈ صارفین،کیپٹیو پاور پلانٹس کے لیےگیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا، پروٹیکٹڈ صارفین کے لیےگیس قیمتوں میں 100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے گیس قیمتوں میں 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کا امکان ہے۔ مزید بتایا گیا کہ بلک میں گیس استعمال کرنے والوں کے لیے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 900 روپے کا اضافہ، سی این جی سیکٹر کے لیے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 170 روپےکا اضافہ ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کھاد کارخانوں کے لیے بھی گیس کا ریٹ معمولی بڑھایا گیاہے، وزارت خزانہ کے مطابق گیس قیمتوں میں اضافےکی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائےگی اور گیس کی قیمتوں میں اضافےکا اطلاق یکم فروری سے ہوگا۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یکم فروری سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اور طویل بحث مباحثے کے بعد ای سی سی کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں پر نظر ثانی گیس کمپنیوں کی ریونیو کی ضروریات کے مطابق ہونی چاہیے اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری مؤخر اور فرٹیلائزرز پلانٹس کے لیے گیس کی یکساں قیمتیں مقرر کرنے کی سفارش کردی ہے۔