ہائی کورٹ نے عمر ایوب کی ایک ماہ کے لیے راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کردیا

جمعہ 16 فروری 2024 17:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2024ء) ہائی کورٹ نے عمر ایوب کی ایک ماہ کے لیے راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کردیا۔عمر ایوب کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں حفاظتی و راہداری ضمانت کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس محمد ابراہیم خان کی عدالت میں پیش ہوئی۔سماعت کے دوران وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف ملک بھر میں 23 مقدمات درج ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار وزارت عظمی کے امیدوار بھی ہیں ہماری درخواست ہے کہ ٹائم زیادہ دیا جائے۔جس پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ محمد ابراہیم خان نے استفسار کیا کہ اے اے جی صاحب کتنا ٹائم دیںآپ بتا دیں، جس پر اے اے جی دانیال چمکنی نے کہا کہ عدالت کو جو مناسب لگے وہی ٹائم دے۔ بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ نے عمر ایوب کی ایک ماہ کے لیے راہداری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایک ماہ میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں۔