سونے کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری، آج پھر قیمت میں اضافہ ہوگیا

فی تولہ قیمت میں 1300 روپے کا اضافہ، نئی قیمت 2 لاکھ 12 ہزار 400 روپے ہوگئی، دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 1115 روپے کا اضافہ ہوا ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 16 فروری 2024 17:51

سونے کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری، آج پھر قیمت میں اضافہ ہوگیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 فروری 2024ء) ملک میں سونے کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، سونے کی فی تولہ قیمت آج پھر بڑھ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار 300 روپے بڑھنے کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 12 ہزار 400 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار115 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 82 ہزار 99 روپے ہوچکی ہے۔ یاد رہے بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 12 ڈالر کے اضافہ کے بعد 2025 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب حکومت نے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

16فروری سے 29 فروری تک پٹرول کی قیمت میں 2.37 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8.37 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے ۔

۔وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے ، یٹرول کی 2.37 روپے اضافے کے بعد 275.62 روپے لیٹر ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8.37 روپے اضافے کے بعد 287.37 روپے لیٹر کردیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگا۔اسی طرح آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے بھی گیس کی نظر ثانی شدہ قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین سمیت مختلف کیٹگریز کے لیے گیس کی قیمتوں پر نظر ثانی کی گئی ہے۔ کمرشل صارفین کے لیے گیس قیمت 3900روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر برقرار ہے۔ بجلی کارخانوں کے لیے گیس کی قیمت 1050 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر برقرار رکھی گئی ہے۔سیمنٹ کارخانوں کے لیے گیس کی قیمت 4400 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو برقرار رہے گی جبکہ سی این جی کے شعبہ کے لیے گیس نرخ 3750 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیے گئے ہیں۔ گیس کی نظر ثانی شدہ قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے ہوگا۔