جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ نے سراج الحق کا استعفیٰ مسترد کر دیا

سراج الحق نے جماعت اسلامی کی امارات دوبارہ سنبھال لی، سراج الحق پرمجلس شوریٰ نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے،ترجمان قیصر شریف

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 17 فروری 2024 12:52

جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ نے سراج الحق کا استعفیٰ مسترد کر دیا
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 فروری2024 ء) جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ نے سراج الحق کا استعفیٰ مسترد کر دیا،سراج الحق نے جماعت اسلامی پاکستان کی امارات دوبادہ سنبھال لی۔ منصورہ میں جماعت اسلامی کی ہنگامی مرکزی مجلس شوری کے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی زیر صدارت اجلاس میں ممبران شوریٰ کا کہنا تھا کہ جماعت کی ذمہ داریوں کو حسب سابق بطور امیر رہنمائی فرمائیں۔

مجلس شوریٰ کے کمیٹی اراکین جن میں لیاقت بلوچ، امیر العظیم، راشد نسیم، پروفیسر ابراہیم، اسد اللہ بھٹو نے سراج الحق سے ملاقات کی۔اس حوالے جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف کا کہنا ہے کہ مرکزی مجلس شوریٰ نے متفقہ طور پر استعفیٰ مسترد کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق پرمجلس شوریٰ نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی نشست پر تشریف لے آئے ہیں ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی صدارت میں اجلاس جاری ہے۔

(جاری ہے)

قیصر شریف نے کہا کہ سراج الحق کچھ دیر میں مرکزی مجلس شوری سے خصوصی خطاب کریں گے، امیر جماعت دستور کے مطابق اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ خیال رہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عام انتخابات میں ناکامی پر جماعت اسلامی کی امارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ کوشش اور محنت کے باوجود انتخابات میں مطلوبہ کامیابی نہیں دلاسکا، انتخابات میں ناکامی کو قبول کرتے ہوئے بطور امیر جماعت اسلامی استعفٰی دیتا ہوں۔

ترجمان جماعت اسلامی کا امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے استعفیٰ پر کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے شوریٰ کا اجلاس 17 فروری کو منصورہ میں طلب کیا ہے جس میں شوریٰ اجلاس میں سراج الحق کے استعفے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائےگا۔