رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور اور خیبر پختونخوا پولیس کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط

پیر 19 فروری 2024 22:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2024ء) سینٹرل پولیس آفس پشاور میں رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور اور خیبر پختونخوا پولیس کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے۔ محکمہ پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو اور رحمن میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور کی جانب سے ڈائریکٹر آپریشنز کرنل (ر) گلزار احمد خان نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے. تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس اور رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کی رو سے رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ خیبر پختو نخواپولیس اہلکاروں کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے رعایتی خدمات فراہم کرے گا۔

معاہدے کی رُو سے رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور خیبر پختونخوا پولیس کی کارکردگی کی بنیاد پر کے پی پولیس کے افسران/اہلکاروں بشمول اہل خانہ بشمول خدمات انجام دینے والے،ریٹائرڈ، ڈیوٹی کے دوران زخمی ہونے والے، مرحومین اور شہدا کے اہل خانہ کے لیے جنرل وارڈ کے ساتھ سرجیکل پیکج میں 50 فیصد٫ علاج معالجے کے لیے داخل مریضوں کے چارجز میں 30 فیصد٫ مریضوں کے شعبوں میں نجی کمروں میں 10 فیصد رعایت فراہم کرے گا.اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈایریکٹر آپریشنز رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور کرنل (ر) گلزار احمد خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملک کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

اور پوری دنیا خیبر پختون خواہ پولیس کی لازوال قربانیوں کی معترف ہے انہوں نے کہا کہ انسان کی قیمتی جان کا کوئی چیز نعم البدل نہیں ہوسکتا تاہم معاشرے کی تمام اکائیوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ معاشرے کے آج کے لیے اپنا کل قربان کرنے والے اپنے محسنوں کے اہل و عیال کی دیکھ بھال کے لیے اپنا اپنا حصہ ڈالیں انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ پولیس شہداء کے ورثاء کے علاج معالجے کو اپنے لیے فخر اور اعزاز سمجھتے ہیں کرنل (ر)گلزار احمد خان نے انکشاف کیا کہ وہ خود ایک شہید کے باپ ہیں اور ان کا 15 سالہ بیٹا آرمی پبلک سکول پشاور پر حملے میں جام شہادت نوش کر گئے تھے اور شہید بیٹے کے باپ ہونے کے ناطے وہ شہداء کی فیملی کے دُکھ درد کو بخوبی جانتا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اور ان کا ادارہ بلا امتیاز تمام شہداء کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے سب سے آگے رہے گی اور ان کے بہترین علاج معالجے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔

ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو کے آئی جی پی خیبر پختونخوا اختر حیات خان کے ویثرن کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں اور ان کے بچوں کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور آج رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے ساتھ یادداشت پر دستخط کرنا اس سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ڈی آئی جی نے کہا کہ کے پولیس اہلکاروں اور ان کے بچوں کی فلاح وبہبود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے علاوہ دیگر کارپوریٹ اداروں کے ساتھ معاہدے کیے جارہے ہیں ۔