Live Updates

عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے ساتھ اتحاد سے منع کیا ہے،علی محمد خان

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز سے کسی اتحاد کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں اپنے دم پرحکومت بنائے گی،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 19 فروری 2024 17:49

اسلا م آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 فروری2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئررہنماءعلی محمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے ساتھ اتحاد سے منع کیا ہے،پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز سے کسی اتحاد کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں اپنے دم پرحکومت بنائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت عمران خان کے نام پر عوام کے دئیے گئے مینڈیٹ اور تحریک انصاف کے نظریہ کی حفاظت کرے گی۔

علی محمد خان کامزید کہنا تھاکہ پرویز خٹک کی جماعت کے بارے میں کچھ افواہیں اڑائی جارہی ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اپنے وکلاءاور پارٹی رہنماﺅں سے ملاقات میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز سےکوئی بھی الائنس خارج ازامکان قراردیا تھا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کئی ارکان نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز میں ضم ہونے کی مخالفت کی تھی۔

خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا تھا۔جس میں ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویڑن کے رہنماوٴں نے پی ٹی آئی پی سے مذاکرات پر تحفظات کا اظہار کیاتھا۔اجلاس میں کئی ارکان اسمبلی نے پی ٹی آئی پی میں ضم ہونے کی مخالفت کی اور موقف اختیار کیا کہ حکومت سازی کیلئے پرویزخٹک اورمحمود خان کی پارٹی کاسہارا لینا مناسب نہیں ہے اس لئے اس موقع پر پی ٹی آئی پی سے اتحادنہ کیا جائے۔اجلاس کے بعد پارٹی رہنما بیرسٹر سیف نے میڈیاکو بتایاتھاکہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے ساتھ اب تک کوئی باضابطہ رابطہ نہیں ہوا، حکومت سازی سے متعلق ابھی تک کسی سیاسی جماعت سے حتمی بات نہیں ہوئی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات