Live Updates

عمران خان کی بہن نے بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی

خاندانی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کو بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کی اجازت دی جائے،عظمیٰ خان کی درخواست میں استدعا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 20 فروری 2024 13:43

عمران خان کی بہن نے بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ ..
 اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 فروری2024 ء) بانی پی ٹی آئی کی بہن نے بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر،عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ خاندانی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کو بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کی اجازت دی جائے اورپمز کے سینئر ڈاکٹرز کو بھی ڈاکٹر عاصم یوسف کی موجودگی میں بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کے احکامات دئیے جائیں۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی توشہ خانہ کیس میں سزا پانے کے بعد سے بنی گالہ رہائش گاہ میں قید ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ اورسابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی گرتی ہوئی صحت کی خبریں آنے کے بعد ان کی فوری طور پر طبی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

بشریٰ بی بی کی ترجمان اور پی ٹی آئی کی وکیل مشال یوسفزئی نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر(ایکس)پر اپنے ٹوئیٹ میں کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ ا±نہیں کھانے میں ایسڈ ٹائپ(تیزاب جیسا) کچھ دِیا گیا ہے، جس کی وجہ سے پچھلے 5 دن سے انہیں شدید تکلیف ہے۔

ترجمان کے مطابق بشری بی بی نے بتایا تھاکہ میرے پیٹ میں جیسے آگ لگی ہوئی ہے، منہ اور گلے میں جیسے شدید چھالے ہیں اور میں کچھ کھا نہیں پارہی، صرف سوکھے ٹوسٹ چائے یا پانی میں ڈبو کے کھا رہی ہوں اور شدید تکلیف میں ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی جان کو شدید خطرہ ہے اور مطالبہ کیا کہ ا±ن کا جلد از جلد میڈیکل چیک اپ کروایا جائے۔اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے بھی کہا تھا کہ فاشسٹ حکومت اتنی گر گئی ہے کہ اس نے عمران کی اہلیہ پر بدنیتی سے حملہ کیا اور انہیں طبی امداد دینے سے انکار کر دیا۔

پی ٹی آئی نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھاکہ کوئی غلطی نہ کریں، ان گھناو¿نی حرکتوں کے ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی، پاکستان مضبوط کھڑا ہے، عمران خان مضبوط کھڑے ہیں۔

Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات