پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا جدید ٹیکنالوجی اور آپریشنل سہولیات سے مزین ٹیئر 3 کمپلائنٹ ڈیٹا سینٹر کا افتتاح

منگل 20 فروری 2024 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2024ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اپنے ٹیئر 3 کمپلائنٹ ڈیٹا سینٹر کا افتتاح کیا۔اس حوالے سے پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں نگران وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام ڈاکٹر عمر سیف نے شرکت کی۔نیا قائم کردہ ڈیٹا سینٹر جدید ٹیکنالوجی اور آپریشنل سہولیات سے مزین ہے اور کارکردگی او ر اعتماد پر مبنی ہے جو کہ 24x7 نیٹ ورک آپریشن سینٹر (این او سی) اور سکیورٹی آپریشن سینٹر (ایس او سی) پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اقدام ڈیجیٹل طور پر مضبوط پاکستان کے لیے ہمارے وژن سے ہم آہنگ ہے اور جدید اور محفوظ ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے لیے حکومت کے عز ا ئم کی تشریح کرتا ہے۔چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے ڈیٹا سینٹر کے کامیاب قیام میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈیٹا سینٹر بنیادی طور صارفین اور ٹیلی کام آپریٹر وں کے لیے مختلف قسم کی ای سروسز مینجمنٹ کی فراہمی کے لئے ایک مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر فعال ہے۔