شازیہ مری کا شیرانی میں مسافر کوچ کو پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعہ 3 جولائی 2026 17:43

شازیہ مری کا شیرانی میں مسافر کوچ کو پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2026ء) مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں مسافر کوچ کو پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ مسافر کوچ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا کرے۔انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ تمام زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ قیمتی جانوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے کہا کہ ایسے المناک حادثات پوری قوم کے لیے باعثِ صدمہ ہوتے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے عوام اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن امداد، بحالی اور داد رسی کے لیے مثر اور فوری اقدامات کیے جائیں۔ شازیہ مری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اور شاہراہوں پر محفوظ سفری انتظامات ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔