نجی شعبے ملکی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی ہے۔ نہال ہاشمی ، گورنر سندھ

جمعہ 3 جولائی 2026 20:38

نجی شعبے ملکی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی ہے۔ نہال ہاشمی ، گورنر سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2026ء) پاکستان کی کاروباری برادری کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے عزم کے تحت انٹرنیشنل بزنس فورم (IBF) نے کراچی میں پاکستان بزنس لیڈرز سمٹ 2026 کا شاندار انعقاد کیا۔ یہ سمٹ ملک میں معاشی استحکام، پائیدار ترقی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔

سمٹ کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ جناب نہال ہاشمی تھے، جنہوں نے اپنی موجودگی سے تقریب کو وقار بخشا۔ اپنے خطاب میں گورنر سندھ نے حکومت کی جانب سے کاروبار دوست پالیسیوں، صنعتی زونز کی سہولیات اور برآمدات بڑھانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نجی شعبے کو ملک کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور کاروباری طبقے کا باہمی تعاون ہی پاکستان کو معاشی خودکفالت کی جانب لے جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس سمٹ میں کراچی سمیت ملک بھر سے تعلق رکھنے والی نامور بزنس کمیونٹی، صنعتی اداروں کے سربراہان، ایکسپورٹرز، بینکرز، ٹیکس ماہرین، تعلیمی و تحقیقی اداروں کے نمائندگان اور میڈیا کے سینئر صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی موجودگی نے اس فورم کو ایک جامع اور نتیجہ خیز مکالمے میں تبدیل کر دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل بزنس فورم کے چیئرمین علی عرش خان نے تمام شرکاء، اسپانسرز، پارٹنرز اور میڈیا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ IBF کا مشن پالیسی سازوں اور صنعت کاروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا ہے تاکہ ایک ایسا کاروباری ماحول تشکیل دیا جا سکے جو شفاف، مسابقتی اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہو۔ چیئرمین علی عرش خان، آئی بی ایف (IBF) اس شاندار تقریب کی کوریج کرنے پر آفیشل میڈیا پارٹنر 'سین پروفٹ (Seen Profit) کو سراہا۔سمٹ کے اختتام پر تمام شرکاء نے متفقہ طور پر یہ عزم کیا کہ وہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پاکستان کو ایک ترقی یافتہ معاشی طاقت بنانے کے لیے اپنی کوشیں جاری رکھیں گے۔