مہمند ، سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں بچوں کے ساتھ بدفعلی کرنے والا ملزم گرفتار

جمعہ 3 جولائی 2026 16:23

مہمند ، سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں بچوں کے ساتھ بدفعلی کرنے والا ملزم ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2026ء) خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند کے تھانہ بائیزائی کی پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں دو لڑکوں کے ساتھ بدفعلی میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تر جمان مہمند پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے موبائل فون، میموری کارڈ اور زیرِ استعمال موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں ایک شخص دو لڑکوں کے ساتھ بدفعلی کرتے ہوئے دکھائی دے رہا تھا۔

عوامی شکایات اور واقعے کی حساسیت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او مہمند رضا محمد نے ایس پی انوسٹی گیشن مہمند زاہد عالم خان کی نگرانی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم میں ڈی ایس پی سرکل بائیزائی پشم گل ایس ایچ او سردار حسین، تفتیشی افسران، ایس آئی مشرف خان، انسپکٹر ہدایت الرحمان اور اے ایس آئی اعظم خان شامل تھے۔

(جاری ہے)

پولیس ٹیم نے جدید تفتیشی حکمتِ عملی اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم عباس خان ولد زیارت خان (سکنہ کوز کس حویزئی) کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزم نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے جائے وقوعہ کی نشاندہی کی۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک عدد اوپو (Oppo) موبائل فون اور میموری کارڈ برآمد کیا جس میں متاثرہ بچوں کی قابلِ اعتراض وڈیوز موجود تھیں، جبکہ ملزم کے زیرِ استعمال ہونڈا 125 موٹر سائیکل کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ملزم کے خلاف تھانہ بائیزائی میں مقدمہ درج کر کے پولیس نے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا، اور ایک دن کسٹڈی (پولیس حراست) مکمل ہونے کے بعد عدالت کے حکم پر ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔