چیف جسٹس کیخلاف سوشل میڈیاپر کمپیئن چلانے والا شخص گرفتار

عبدالواسع راولپنڈی کا رہائشی ہے، ملزم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر چیف جسٹس کودھمکیاں دیتے ہوئے کردار کشی اورچیف جسٹس کیخلاف سوشل میڈیا مہم میں بھی حصہ لیاتھا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 22 فروری 2024 10:26

چیف جسٹس کیخلاف سوشل میڈیاپر کمپیئن چلانے والا شخص گرفتار
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 فروری2024 ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف سوشل میڈیا پر دھمکی آمیزکمپیئن چلانے والے شخص کو گرفتار کرلیاگیا،ملزم عبدالواسع راولپنڈی کا رہائشی ہے، ملزم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر چیف جسٹس کو دھمکیاں دیتے ہوئے ان کی کردار کشی کی تھی۔ ملزم نے چیف جسٹس کیخلاف سوشل میڈیا مہم میں بھی حصہ لیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عبدالواسع کو حراست میں لے لیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان کیخلاف سوشل میڈیا مہم کے دیگر کرداروں کی بھی شناخت کا عمل جاری ہے، باقی ملوث افراد کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ کے ججوں کے خلاف منفی مہم چلانے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے وفاقی حکومت نے تحقیقات کیلئے 6 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی تھی۔

(جاری ہے)

حکومت نے 6 رکنی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ کمیٹی کے سربراہ ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم ونگ کومقرر کیاگیاتھا، اس کے علاوہ تحقیقاتی کمیٹی میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے نمائندے اور ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس جے آئی ٹی میں شامل کئے گئے تھے کمیٹی میں پی ٹی اے کا نمائندہ بھی شامل کیا گیا تھا۔

جے آئی ٹی میں شامل آئی بی اور آئی ایس آئی کا نمائندہ گریڈ 20 کا افسر ہوگا۔ جے آئی ٹی کوملزمان کی شناخت کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کا کہاگیاتھا اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سفارشات دینے کا کہا گیا تھا۔ جے آئی ٹی کوسپریم کورٹ کے ججوں کے خلاف مذموم مہم چلانے والوں کا پتہ لگانے اور مذموم مہم چلانے والوں کو عدالت میں پیش کرکے چالان پیش کرنے کا ٹاسک دیاگیاتھا جبکہ عدلیہ مخالف مہم چلانے والوں کے خلاف متعلقہ عدالتوں میں مقدمات چلانے کی ہدایت کی گئی تھی۔