پشاور ہائیکورٹ نےاسد قیصر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا

جمعرات 22 فروری 2024 13:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2024ء) پشاور ہائیکورٹ نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار کے وکیل معظم بٹ ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسد قیصر سابق سپیکر قومی اسمبلی ہیں ،ان کو عمرہ کی ادائیگی کے جانے سے روکا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے استفسار کیا کہ اسد قیصر کا نام کب ای سی ایل میں شامل کیا گیا؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ 23 جون کو ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا کہ یہ اب ممبر قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئے ہیں؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ جی یہ ممبر قومی اسمبلی ہیں اور سینئر سیاستدان ہیں۔عدالت نے 23 جون 2023 کو اسد قیصر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا آرڈر غیر آئینی قرار دے دیا۔پشاور ہائیکورٹ نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا نام ای سی ایل سے فوری طور پر نکالنے کا حکم دے دیا۔