گوادریونیورسٹی کے زیر اہتمام "متنوع سوسائٹی" کے عنوان پر لیکچر سیشن

جمعرات 22 فروری 2024 21:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2024ء) گوادر یونیورسٹی کے شعبہ آفس آف ریسرچ انویشن اینڈ کمرشلازیشن کے زیر اہتمام "متنوع سوسائٹی" کے عنوان پر لیکچر سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ لیکچر سیشن میں ممتاز سکالر اور گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس کے علاوہ پرو وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، رجسٹرار دولت خان، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنس پروفیسر ڈاکٹر جان محمد ، ڈائر یکٹر ڈاکٹر کیو ای سی کمبر فاروق، ڈائریکٹر اورِک محمد ارشاد بلیدی، ڈائریکٹر سپورٹس صغیر نسیم، ڈائریکٹر فنانشل ایڈز شہیک علی، چیئرپرسن شعبہ کمپیوٹر سائنس میڈم ہیم گل، انچارج پبلک ریلیشن نصیر محمد کے علاوہ فیکلٹی ممبران اور مختلف شعبہ جات کے طلباء نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر صابر نے پاکستان کے معاشرتی تنوع کی مختلف جہتوں کو سمجھنے کی اہمیت پر زو ر دیا جن میں ثقافتی، مذہبی اور سماجی و اقتصادی پہلو شامل ہیں جو کہ انسدادِ تخریب کی مؤثر حکمت عملی بنانے کے لیے اہم اجزاء ہیں۔انہوں نے تعلیمی اداروں، پا لیسی سازوں اور کمیونٹی رہنماؤں کے درمیان تعاون پر زور دیتے ہوئے فعال اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر صابر نے رواداری اور شمولیت کو فروغ دینے میں تعلیم کے کردار کے حوالے سےاس بات پر زور دیا کہ ایک تعلیم یافتہ معاشرہ ہی تفرقہ انگیز اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے بہتر طور پر لیس ہوتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے متنوع معاشروں کے حوالے سے اثرات کو واضح کرنے کے لیے تاریخی اور عصری مثالوں پر روشنی ڈالی اور اس طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتفاق و اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔لیکچر سیشن میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈائریکٹراورِک ارشاد احمد بلیدی نے سرانجام دیئے۔ انہوں نے سیشن میں شرکت کرنے والے سپیکر، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔