سرحد چیمبرکی سطح پرفاسٹ موونگ کنزیومرگڈز(ایف ایم سی جی) سٹینڈنگ کمیٹی کے قیام کا اعلان

جمعرات 22 فروری 2024 21:41

سرحد چیمبرکی سطح پرفاسٹ موونگ کنزیومرگڈز(ایف ایم سی جی) سٹینڈنگ کمیٹی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2024ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق نے ڈسٹری بیوٹرز کے مسائل کو اجاگرکرنے اور ان کے حل کیلئے سرحد چیمبر کی سطح پر فاسٹ موونگ کنزیومرگڈز (ایف ایم سی جی) سٹینڈنگ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ کنزیومرگڈز کے کاروبار سے وابستہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے سرحد چیمبر کے فورم سے بھرپور اندازمیں آواز اٹھائی جائے گی۔

اس امر کا اعلان انہوں نے گذشتہ روز ایف ایم سی جی کے صدر عاطف شہزاد اور کابینہ کی جانب سے اُن کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ میں کیا۔ ظہرانہ میں سابق صدرفیض محمد فیضی سمیت سرحد چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور ایف ایم سی جی کے صدر عاطف شہزاد ٗ سیکرٹری جنرل آفتاب امین ٗ خالد فاروق ٗ ملک سلیم خان ٗ اظہر خان ٗ اصغر خان ٗ مجیب الرحمان ٗ کاشان ٗ عمرا خان اور ڈسٹری بیوٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کیلئے سرحد چیمبر کے سطح پر اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ سرحد چیمبر بزنس کمیونٹی کا واحدنمائندہ فورم ہے جس نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو بروقت حل کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔سرحد چیمبر کے صدرفواد اسحق نے کہا کہ پوائنٹ آف سیل (POS)کے باعث ڈسٹری بیوشن کے کاروبار سے وابستہ لوگوں کومشکلات کا سامنا ہے انہوں نے یقین دلایا کہ POS کے مسئلہ کے فوری حل کیلئے سرحد چیمبر کے پلیٹ فارم سے ایف بی آر کے ساتھ موثر انداز میں بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سرحد چیمبر بزنس کمیونٹی کی بے لوث خدمت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مرکزی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مسائل کو موثر انداز میں اٹھائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اس موقع پر بات حیت کرتے ہوئے ایف ایم سی جی کے صدرعاطف شہزاد ٗ سیکرٹری جنرل آفتاب امین اوردیگر عہدیداران نے سرحد چیمبرکے صدر فواد اسحق کا چیمبر کی سطح پر کنزیومرگڈز سٹینڈنگ کمیٹی کے قیام کے اعلان پر شکریہ ادا کیا اور کنزیومرگڈز کے کاروباروابستہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے اور اقدامات کو سراہا۔