جے شاہ کی وارننگ نظر انداز کرنے پر بھارتی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہونیکا امکان

بی سی سی آئی عہدیدار کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے جے شاہ کے حکم کے باوجود ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلی، بھارتی میڈیا

ہفتہ 24 فروری 2024 18:02

جے شاہ کی وارننگ نظر انداز کرنے پر بھارتی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2024ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ایشان کشن اور شریاس ایئر کے بی سی سی آئی کے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہونے کا امکان ہے۔بی سی سی آئی (بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا)کے سیکرٹری جے شاہ نے گزشتہ ہفتے سینٹرل کنٹریکٹ والے بھارتی کھلاڑیوں کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)کو ڈومیسٹک کرکٹ پر ترجیح دینے کے خلاف خبردار کیا تھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ دنوں شریاس ایئر، دیپک چاہر اور ایشان کشن نے رانجی ٹرافی کے آخری رانڈ میں شرکت نہیں کی تھی جس کے بعد جے شاہ نے کھلاڑیوں کو خبردار کیا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو نظر انداز کرنے کے سنگین نتائج ہوسکتے ہیں تاہم کھلاڑیوں نے انتباہ کے باوجود کان نہ دھرے جس کے بعد اب یہ امکان ہے کہ دونوں کھلاڑی بی سی سی آئی کے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہوجائیں گے۔ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی نے 24-2023 کے سیزن کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی فہرست پہلے ہی چن لی ہے جس میں ایشان کشن اور شریاس ایئر کے نام فہرست سے غائب ہیں۔بی سی سی آئی عہدیدار کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے جے شاہ کے حکم کے باوجود ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلی۔