کھجور کی کاشت کا فروغ، پاکستان اور یو اے ای میں معاہدہ

متحدہ عرب امارات پاکستان کو کھجور کی کاشت کو بڑھانے کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرے گا،پاکستان سفارت خانہ

منگل 27 فروری 2024 14:11

کھجور کی کاشت کا فروغ، پاکستان اور یو اے ای میں معاہدہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2024ء) کھجور کی کاشت کا فروغ کیلیے پاکستان اور یو اے ای میں معاہدہ طے ہو گیا۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کھجور کی کاشت کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔ اس سے دونوں فریقین کے درمیان مشترکہ تعاون کو فروغ دینے اور مہارت کے تبادلے میں مدد ملے گی۔ابوظہبی میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیئے ہیں۔

(جاری ہے)

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں متحدہ عرب امارات کے رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر شیخ نہیان مبارک النہیان بھی شریک ہوئے۔ مفاہمت کی یادداشت پر یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور جنرل سیکرٹری خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ برائے کھجور اور زرعی اختراع پروفیسر ڈاکٹر عبد الوہاب زید نے دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشت سے دونوں فریقین کے درمیان مشترکہ تعاون کو فروغ دینے اور مہارت کے تبادلے میں مدد ملے گی۔بیان کے مطابق ایم او یو پاکستانی کسانوں کو کھجور کی کاشت بڑھانے کا موقع بھی فراہم کرے گا جس میں جدت کے حامل تصورات بھی شامل ہیں۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کو کھجور کی کاشت کو بڑھانے کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرے گا۔