میرا کسی سے مقابلہ نہیں بس پلان کے مطابق کھیلتا ہوں، فاسٹ بولر محمد علی

وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے فاسٹ بولر ریڈ بال کے ساتھ وائٹ بال کے بھی کامیاب بولرز رہے ہیں، گفتگو

منگل 27 فروری 2024 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2024ء) ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر محمد علی نے کہا ہے کہ ریڈ بال سے وائٹ بال کرکٹ میں آنا مشکل نہیں، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے فاسٹ بولر ریڈ بال کے ساتھ وائٹ بال کے بھی کامیاب بولرز رہے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ایل 9 میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر محمد علی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ریڈ بال کرکٹ سب فارمیٹ کو کور کرتی ہے، ریڈ اور وائٹ بال کی الگ الگ ٹیمیں بنانا منیجمنٹ کا فیصلہ ہے ہمارا کام کھیلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ بال کی وجہ سے میں وائٹ بال کرکٹ میں بھی سوئنگ کر رہا ہوں، ریڈ بال کھیلنے سے کھیل میں تسلسل آتا ہے۔محمد علی نے کہا کہ میرا کسی سے مقابلہ نہیں بس پلان کے مطابق کھیلتا ہوں، ٹیم مجھے جو پلان دیتی ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کرتا ہوں، فاسٹ بولرز میں مقابلہ اچھا ہے اس سے چار چاند لگ جاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ میری کوشش یہی ہوتی ہے کہ میں صورتحال کے مطابق بولنگ کروں، محمد رضوان بہت سپورٹ کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا مزہ آتا ہے۔