وزیر اعلی گلگت بلتستان رنگ و نسل اور ذات پات سے بالاتر ہو کر علاقے کی تعمیر و ترقی میں مصروف ہیں،فیض اللہ فراق

بدھ 28 فروری 2024 17:46

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2024ء) ترجمان برائے وزیر اعلی حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان رنگ ،نسل ،ذات پات اور قومیت سے بالاتر ہو کر علاقے کی تعمیر و ترقی میں مصروف ہیں ، گلگت بلتستان کے تمام لوگ یکساں اہمیت کے حامل ہیں اور ہم سب نے ملکر اس خطے کی تعمیر میں اپنے حصے کا رنگ بھرنا ہے ۔

ترجمان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام مسالک ، قومیں اور زبانیں ایک گلدستہ کی مانند ہیں اور یہ سب ایک گلدستے کے مختلف پھول ہیں اور انکے بیچ سب سے بڑا پھول پاکستانیت کا ہے جس کے فروغ اور اس کی خوشبو سے اس ملک کے درو دیوار معطر کرنا ہم سب پر لازم ہے ۔ گلگت بلتستان کا سیاسی عمل ایک ارتقائی سفر پر گامزن ہے اور ہمیں چاہئے کہ اس سفر میں عوام کو مرکزیت حاصل ہو اور عوامی مسائل مرکز خیال ہوں ، وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان ایک تجربہ کار، سنجیدہ اور روایتی سیاستدان ہیں جو ہم آہنگی اور ساتھ ملکر چلنے پر یقین رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان میں تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک قومی نوعیت کی حکومت قائم ہے جس میں سیاچن سے لیکر باب چلاس تک اور خنجراب سے لیکر درکوت تک نمائندگان شامل ہیں ، قابل فہم بات یہ ہے کہ ان تمام سیاسی جماعتوں کے عوامی نوعیت کے مفادات بھی مشترکہ ہیں ، موجودہ حکومت بقائے باہمی والی سوچ کو آگے لیکر بڑھنا چاہتی ہے اور عوامی مسائل کو تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر کم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :