محکمہ خوراک میں اصلاحات کے لئے کام کرر ہے ہیں ،وزیر خوراک و سیاحت گلگت بلتستان

جمعرات 29 فروری 2024 12:09

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2024ء) وزیر خوراک و سیاحت گلگت بلتستان غلام محمد نے کہا ہے کہ حاجی گلبر کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، سابق قوم پرست رہنما عبد الحمید خان سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے ، محکمہ خوراک میں اصلاحات کے لئے کام کررہے ہیں، ہم اپنی کارکردگی سے پرامید ہیں۔ گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے خواہاں ہیں۔

اس وقت 2022 کے آئینی اصلاحات کے حوالے سے جو کام ہورہا ہے وہ انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ علاقے میں گندم کی قیمتوں کے حوالے سے ہم نے 45 ایام مشاورت کی اور کم سے کم بوجھ عوام پر ڈالا، اس حوالے سے کام کیا گیا لیکن جو قیمت بڑھی اس پر عوامی ری ایکشن سامنے آیا جس پر ہم نے وفاق میں گلگت بلتستان کے عوام کی وکالت کی اور تمام تر صورت حال سے آگاہ کیا اور یہ قیمت پھر 2022 کی سطح پر لے آئے، ہم خود چاہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف دیں اس وقت گلگت بلتستان کے اضلاع کی سطح پر ہمارے پاس مردم شماری ہے لیکن گھرانوں کے لحاظ سے ہمارے پاس کوئی ڈیٹا موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں،انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت محکمہ خوراک میں اصلاحات کے لئے کام کررہی ہے اور ڈیجٹلائز سسٹم متعارف کروائے گی تاکہ عوام کو بروقت آٹا فراہم ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت گلگت بلتستان میں اتحادی حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے پاس سیاحت کی وزارت بھی ہے اور ہم اپنے ذاتی خرچے پر امریکا گئے اور سیاحت کے لئے کام کیا تاکہ گلگت بلتستان میں سیاحت کا شعبہ فعال ہو جائے اور گزشتہ سال سیاحت کو فروغ دے کر 16 ہزار فارنرز سے 40 کروڑ روپے آمدن حاصل کی۔ امید ہے کہ سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان کا رخ کرے گی۔