15 مارچ سے ٹرینوں کا نیا ٹائم ٹیبل آ رہا ہے، عید پر سپیشل ٹرینیں چلائیں گے‘ عامر علی بلوچ

ساندل اور خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی بحالی وسائل کی دستیابی سے مشروط ہے‘ سی ای او ریلوے

جمعرات 29 فروری 2024 17:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2024ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ نے کہا ہے کہ15 مارچ سے ٹرینوں کا نیا ٹائم ٹیبل آ رہا ہے، عید پر سپیشل ٹرینیں چلائیں گے، ،ساندل اور خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی بحالی وسائل کی دستیابی سے مشروط ہے، مین لائن سکھر ڈویژن میں ٹریک کی بہتری کے لیے کام جاری ہے، وہاں پر میٹریل بھیج رہے ہیں، وقت کے ساتھ ٹرینوں کی تعداد بڑھائیں گے اور انجینئرنگ ریسٹرکشنز کم کریں گے، اکبر بگٹی ایکسپریس کی بحالی بارے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، عید پر سپیشل ٹرینیں چلائیں گے، سہولیات میں بھی اضافہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ نے ای کچہری میں عوام کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

عامر بلوچ نے کہا کہ تنخواہوں میں تاخیر میں کمی آئی ہے جو حوصلہ افزا ء ہے، آمدنی میں بہتری لا کر آئندہ اس تاخیر میں مزید کمی لائیں گے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ریلوے سی ای او نے کہا کہ 230 نئی کوچز کی مینوفیکچرنگ کا پراجیکٹ اپنے وقت پر مکمل ہو گا، ان کوچز میں سے 46 چین سے آ گئی تھیں، باقی پاکستان میں بننی ہیں جن کی مینوفیکچرنگ کے مٹیریل کے معائنہ کے لیے ٹیم چین میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایل ٹو پر ٹرینیں بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں، وسائل کی دستیابی پر مزید ٹرینیں بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ ایپلیکیشن کا سکوپ ریلوے کی پرانی ایپلیکیشن سے بہت بڑا ہے، اس میں وقت کے ساتھ بہتری آئے گی اور یہ پہلے سے زیادہ یوزر فرینڈلی بھی ہو گی۔ ریلوے کوارٹرز کو کرائے پر دینے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سی ای او نے متعلقہ حکام کو شکایت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کوارٹر صرف سرکاری ملازمین ہی کو الاٹ ہو سکتے ہیں، اگر کسی نجی شخص کو کوارٹر کرائے پر دیا گیا تو سخت ترین کاروائی کریں گے اور ذمہ دار کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔سی ای او ریلوے نے غوری ایکسپریس میں سٹاف کے رویے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو ایکشن لینے کی ہدایات بھی کیں۔دو گھنٹے جاری رہنے والی ای کچہری میں پانچ ہزار سے زائد کمنٹس موصول ہوئے۔