نگہبان رمضان پروگرام کے تحت خشک راشن مستحقین کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے انتظامات کی تیاری جاری ہے، ڈپٹی کمشنر

جمعرات 29 فروری 2024 22:51

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2024ء) ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ 97 ہزار 21 خاندانوں کو نگہبان رمضان پروگرام کے تحت خشک راشن ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے انتظامات تیزی سے مکمل کریں ،تحصیل گجرات میں 54946، تحصیل کھاریاں میں 30995 تحصیل سرائے عالمگیر میں 11050 مستحق خاندانوں کا ڈیٹا حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے جن کی تصدیق کی جائے گی، مستحق خاندانوں تک راشن پہنچانے کے لیے تمام محکمے مل کر کام کریں گے، راشن بیگ 10 کلو آٹے ، دو دو کلو چینی ،گھی ، بیسن اور چاول پر مشتمل ہوگا ، راشن بیگ کی پیکنگ کے آڈرز دے دیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ مستحق خاندانوں کے گھروں تک خشک راشن پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ پلان بھی جلد فائنل کیا جائے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں اس تمام آپریشن کی مانیٹرنگ کریں گے ،اسی طرح دیگر محکموں کے افسران کو بھی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سے 15 مارچ کے دوران تمام مستحق خاندانوں کو خشک راشن کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور اس مقصد کے لیے دن رات ایک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو راشن کی فراہمی کا تمام ریکارڈ روازنہ کی بنیاد پر پی آئی ٹی بی کی ایپ پر آپ لوڈ کیا جائے گا اور اس تمام آپریشن کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کروایا جائے گا۔