قومی وطن پارٹی ارسا ایکٹ میں ردوبدل اور صوبائی خود مختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی سکندر شیر پائو

جمعہ 1 مارچ 2024 20:53

قومی وطن پارٹی ارسا ایکٹ میں ردوبدل اور صوبائی خود مختاری پر کسی صورت ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2024ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائونے ملک میں صوبوں کے درمیان دریائی پانی کی تقسیم کے لیے قائم خودمختار ادارہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا)میں بغیر مشاورت ترمیم کے ذریعے ردوبدل اور چیئرمین کی تعیناتی کے حوالے میڈیا پر چلنے والی خبروں اور افواہوں کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مفادات اور وسائل کو مقدم رکھا جائے گا اور اس کے خلاف کسی بھی اقدام یا ترمیم کی شدید مخالفت کی جائے گی۔

وطن کور پشاور سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ارسا ایکٹ میں ردوبدل اور صوبائی خود مختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی کیونکہ صوبائی خود مختاری 1973کے آئین اور قرارداد پاکستان کی روح کے مطابق ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بعض لوگ صوبائی خود مختاری اور اٹھارویں آئینی ترمیم کے خاتمے کے درپے ہیں اور اس کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں لیکن قومی وطن پارٹی ان حربوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کران کے سازشوں کو قوم کے سامنے بے نقاب کرے گی۔

انھوں نے کہاکہ اٹھارویں آئینی ترمیم صوبائی خود مختاری کے حصول کیلئے پہلا قدم ثابت ہوا ہے جس کیلئے قومی وطن پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے کافی جدوجہد کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ارساکی ساخت میں ترمیم کے ذریعے تبدیلی کے منفی نتائج برآمد ہوں گے اور اس سے چھوٹے صوبوں میں بد گمانی اور محرومی پروان چڑھے گی جو وفاق کیلئے نیک شگون نہیں۔

انھوں نے کہا کہ لگتا ایسا ہے کہ دھاندلی زدہ پارلیمنٹ کے ذریعے صوبائی خود مختاری اورصوبہ کے حقوق کوغصب کرنے کی کوشش کی جائے گی اس لئے گزشتہ انتخابات میں صوبہ کے حقوق ،وسائل اورصوبائی خود مختاری کیلئے آواز اٹھانے والوں کو پارلیمان سے باہر رکھا گیاہے۔انھوں نے کہا کہ ارسا معاہدے کے تحت ہمارے صوبے کو پہلے ہی اپنا پورا حصہ نہیں مل رہاجس کی وجہ سے صوبہ محرومی کا شکار ہے ۔انھوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کے زمرے میں آنے والے محکموں کے اختیارات کے خلاف بھی سازشیں ہو رہی ہیں جوصوبہ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے جس کے خلاف ہر محاذ پر جدوجہد کی جائے گی اور صوبہ کے وسائل کوغضب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایاجائے گا۔