آئرلینڈ نے افغانستان کو ہرا کر ٹیسٹ کرکٹ میں اولین فتح اپنے نام کرلی

جمعہ 1 مارچ 2024 20:50

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2024ء) ابوظبی ٹیسٹ میں آئرلینڈ کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے ہرا کر ٹیسٹ کرکٹ میں اولین فتح اپنے نام کرلی۔افغان ٹیم دوسری اننگز میں 218 رنز بناکر آوٹ ہوگئی تھی، آئرش ٹیم نے 111 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان بال برائن نے میچ وننگ ففٹی اسکور کی۔ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے تیسرے دن افغانستان نے دوسری نامکمل اننگز 134رنز تین کھلاڑی آئوٹ سے آگے بڑھائی، کپتان حشمت اللہ دو رنز کے اضافے سے 55 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔

رحمان اللہ گرباز 46 رنز بنا کر لوٹ گئے،پھر ایک ایک کر کے وکٹیں گرتی گئیں اور پوری ٹیم 218 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ نوید زدران 25 رنز بناسکے۔مارک ایڈئیر نے دوسری اننگز میں 3 اور میچ میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

آئرلینڈ کو تاریخی کامیابی کیلئے 111 رنز کا ہدف ملا لیکن 8 رنز پر دو وکٹیں گر گئیں، اسکور 13 ہوا تو تیسرا کھلاڑی بھی پویلین پہنچ گیا۔اس مشکل صورتحال میں کپتان اینڈی بال برائن ڈٹ گئے، پہلے پال اسٹرلنگ نے 14 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔ پھر لورکن ٹکر نے کپتان کپتان کے ساتھ ٹیم کو ٹیسٹ میں اولین فتح دلوا دی۔ بالبرائن 58 اور ٹکر 27 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ آئرلینڈ کے لیے تاریخی ٹیسٹ میچ کے پلیئر آف دی میچ مارک ایڈئیر بنے۔