جہلم میں طوفانی بارش کے ساتھ طوفانی ہوا کے بگولہ نے تباہی مچا دی، لوگوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ، عوام میں خوف و ہراس

ہفتہ 2 مارچ 2024 22:32

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مارچ2024ء) : جہلم میں طوفانی بارش کے ساتھ طوفانی ہوا کے بگولہ نے تباہی مچا دی، لوگوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ، عوام میں خوف و ہراس طاری۔ تفصیلات کے مطابق آج سہ پہر طوفانی بارش کے ساتھ ساتھ طوفانی ہوا کے بگولے نے جہلم میں تباہی مچا دی۔ جس سے اولڈ جی ٹی روڈ پر پولیس ویلفیئر کی تمام مشینری گر کر تباہ ہو گئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح جی ٹی ایس چوک میں ایک ٹرک الٹنے سے نا صرف پٹرول پمپ کا نقصان ہوا بلکہ میرج ہال اور پٹرول پمپ کے دفتر کے تمام شیشیے ٹوٹنے کے ساتھ ساتھ میرج ہال میں لگا فائبر کے چھت کا بھی نقصان ہوا۔ تمام دفاتر اور دکانوں کے سائن بورڈز بھی اکھڑ گئے۔ اسی طرح گل افشاں کالونی کے باہر واقع مارکیٹ میں لگے درخت بھی ٹوٹ کر گر گئے اور عمارات کو بھی نقصان ہوا۔ ضمیر جعفری سٹیڈیم جہلم میں واقع بلدیہ کے ملازمین کی رہائش گاہوں میں کریک پڑ گئے اور ریلوے کالونی میں واقع پرانی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں۔ تاہم کوئی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہ ہوئی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کاروائی شروع ہو گئی۔