صوبہ خیبرپختونخوا میں ایڈز سے متاثر ہ رجسٹرڈ مریضوں کی مجموعی تعدادتقریباً 7 ہزارہوگئی

اتوار 3 مارچ 2024 13:35

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2024ء) صوبہ خیبرپختونخوا میں ایڈز سے متاثر ہ رجسٹرڈ مریضوں کی مجموعی تعدادتقریباً 7 ہزارہوگئی جن میں سب سے زیادہ مریض صوبائی دارالحکومت پشاور ‘جنوبی ضلع بنوں اور مردان میں بتائے جاتے ہیں جبکہ نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق ملک بھر میں 53 ہزار 718 رجسٹرڈ ایچ آئی وی پازیٹو افراد ہیں تاہم ایک اندازے کے مطابق ملک میں ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ سے کہیں زیادہ ہے جنہوں نے اب تک اپنی رجسٹریشن نہیں کرائی ہے ۔

اس ضمن میں مختلف ذرائع سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ سال 2023ء کے دوران 898 ایچ آئی وی پازیٹو کیس رجسٹر ہوئے جبکہ 2022ء میں یہاںایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1025تھی۔

(جاری ہے)

اس طرح صوبہ میں ایڈز سے متاثرہ رجسٹرڈ مریضوں کی مجموعی تعداد 966 6تک پہنچ چکی ہے جن میں سب سے زیادہ ضلع پشاور میں 1274 رجسٹرڈ افراد‘ ضلع بنوں میں 874 ‘ضلع مردان314 ‘ ضلع چارسدہ میں307 ‘ ضلع سوات میں300 ‘ضلع لکی مروت میں285 ‘ضلع صوابی میں241 ‘ ضلع لوئر دیر میں 255 ‘ضلع نوشہرہ میں227اور ضلع کوہاٹ میں214 افراد میں ایڈز کی نشاندہی ہوئی ہے۔

کوہستان اور چترال اضلاع میں ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے کم بتائی جاتی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق ضم شدہ ساتوں قبائلی اضلاع میںایڈز سے متاثرہ رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 1107ہے جن میں سے سب زیادہ 282افراد کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے۔ صوبہ میں ایڈز سے متاثرہ رجسٹرڈ افراد میں4865 مرد، 1573خواتین، 107 خواجہ سرأ اور 421 بچے (بشمول 161 بچیاں) شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا میں پچھلے سال تک ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کے لیے صرف6) (اے آر ٹی مراکز تھے لیکن اب یہ تعدادبڑھ کر 13 کردی گئی ہے جہاں ٹیسٹ، آگاہی اور ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ ان مراکزمیں پشاور میں 2 جبکہ کوہاٹ، بنوں، بٹ خیلہ، ڈی آئی خان، ٹیچنگ ہسپتال ابیٹ آباد، سیدو شریف، صوابی، مردان، باجوڑ، کرم اور شمالی وزیرستان کے مراکز شامل ہیں ۔ صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق خیبر پختونخوا میں 966 6مریضوں میں سے 4132 افراد غیر محفوظ جنسی تعلقات، 807 استعمال شدہ سرنج اور 630 افراد وائرس سے متاثرہ افراد کا خون لگنے سے ایچ آئی وی کا شکار ہوئے۔