سوات ،مکان پر پہاڑی تودہ گرنے سے ملبے تلے دبے مزید 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی

اتوار 3 مارچ 2024 18:05

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2024ء) سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے چاتیکل میں مکان پر پہاڑی تودہ گرنے سے ملبے تلے دبے مزید 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیںجس کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد7 تک پہنچ گئی ہے،جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیو ی ،بیٹا ،بہو اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔ ڈی ایس پی مٹہ سرکل حبیب اللہ خان کے مطابق ہفتے کے روز شدید بارش اوربرفباری کے باعث پہاڑی تودہ ڈبل خان ولد شیرین کے مکان پر آگراجس کے نتیجے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور مکان میں موجود اہلخانہ کے تمام 11افراد ملبے تلے دب گئے۔

آپریشن میں ریسکیو1122 ،الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں،مقامی افراد اورپولیس کے جوانوں نے پیدل مسافت طے کرکے پہنچ گئے اور پہلے ہی روز چار افراد چار افراد مسماة خزانہ زوجہ ڈبل خان،زبیر ولد ڈبل خان،جوادولد باچازادہ اورایک بچی اسماء دختر اصیل زادہ کی لاشیں نکال لیں۔

(جاری ہے)

امدادی کارروائیوں کے دوران مسماة صالحہ زوجہ اصیل زادہ ،اس کی بیٹی مریم دختر اصیل زادہ ،حسین ولد ڈبل خان اور اظہار اللہ ولداصیل زادہ کو زندہ نکال لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اندھیر اہونے اور شدیدبرف باری کے باعث ہفتے کو آپریشن روکنا پڑاتھا اور اتوار کی صبح دوبارہ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور ملبے تلے دبے تین افرادخالدہ زوجہ اصیل زادہ،کمسن بچی سلمٰی دختر اصیل زادہ اورخاندان کے سربرارہ ڈبل خان کی لاشیں بھی نکال لی گئیں۔مقامی افراد کے مطابق شدید برفباری کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں سے برف نہیں ہٹائی گئی ۔جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑا جبکہ زخمیوں کو بھی اسپتال پہنچانے میں دقت پیش آئی۔