دبئی بزنس کانفرنس ،صدر آئی سی سی آئی کی جانب سے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ

اتوار 3 مارچ 2024 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2024ء) صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری کی طرف سے آئی سی سی آئی بزنس کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا،180سے زائد ڈیلیگیٹس نے عشائیے میں شرکت کی، کانفرنس پیر کو دبئی کی میزبانی میں منعقد ہو گی۔ چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے کہا کہ 24کروڑ کی بڑی مارکیٹ ،دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے ساتھ واقع پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے جنت ہے۔

حکومت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی پر توجہ مرکوزکر رہی ہے۔ پاکستان میں بجلی ، تیل وگیس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، بنیادی ڈھانچے ،سروسز جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی بڑی آبادی کیلئے گھروں کی ضروریات پوری کرنا ایک چیلنج ہے۔رئیل اسٹیٹ اور ڈیولپمنٹ کے شعبے میں گزشتہ 2دہائیوں میں شاندار کام ہوا ہے۔

پاکستان کا رئیل اسٹیٹ کا شعبہ غیر ملکی سرمایہ کاری کا منتظر ہے۔ صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ امید ہے پاکستان میں قائم ہونے والی نئی حکومت نئے عزم اور پالیسیوں تسلسل کے ساتھ کام کرے گی اور ملک میں عالمی سرمایہ کاری کو لانے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ نو منتخب وزیر اعظم نے اپنے پہلے خطاب میں تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت کی پیشکش کی ہے۔

سیاسی قیادت اس حوالے سے مثبت رد عمل کا اظہار کرے اور معیشت کے حوالے سے قومی یکجہتی کا ثبوت دے۔یاد رہے آئی سی سی آئی دبئی بزنس کانفرنس پیر کو دبئی میں منعقد ہو گی۔کانفرنس میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کار شریک ہوں گے۔ کانفرنس میں دبئی میں پاکستانی سفارتی مشن ،قومی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے حکام سرمایہ کاروں کو بریفنگ دیں گے۔کانفرنس میں بی ٹو بی میٹنگز،پینل ڈسکشن بھی شیڈول ہے۔