Live Updates

پنجاب بھر کی طرح ضلع گجرات میں بھی محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے "صاف ستھرا پنجاب" مہم کا آغاز کردیا گیاہے،ڈپٹی کمشنر

اتوار 3 مارچ 2024 22:10

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2024ء) ڈپٹی کمشنرگجرات صفدر حسین ورک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر پنجاب بھر کی طرح ضلع گجرات میں بھی محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے "صاف ستھرا پنجاب" مہم کا آغاز کردیا گیاہے،صاف ستھرا پنجاب مہم یکم مارچ سے 31مارچ تک جاری رہے گی، اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف افسران مہم کی نگرانی کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، اسسٹنٹ کمشنرز حیدر عباس، زوہیب ممتاز، محمد اکمل ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمود اقبال گوندل، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن گجرات ملک ابرار سمیت چیف افسران موجود تھے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھلی جگہوں سے کوڑے کے ڈھیر مکمل طور پر ختم کر دیئے جائیں گے،قبرستانوں کو مکمل طور پر جڑی بوٹیوں اور کوڑا کرکٹ سے پاک کیا جائیگا،سبزی منڈیوں ،مارکیٹوں اور بس ٹرمینلز کو صفائی کے لحاظ سے مثالی بنایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں یو سی سطح پر آگاہی کیمپ لگائے جائیں گے،گھر گھر جا کر لوگوں کو صفائی کے متعلق آگاہ کیا جائیگا،سکولوں اور کالجوں میں صفائی کے حوالے سے آگاہی لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مساجد میں جمعہ کے خطبات میں صفائی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی،مارکیٹوں میں دکانداروں، مارکیٹ کمیٹیوں اور انجمن تاجران کے ذریعے لوگوں کو صفائی بارے آگاہ کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ عوامی پارکوں، چڑیاں گھروں، عجائب گھروں ، کھیل کے میدانوں اور خریداری مراکز میں صفائی مہم کی آگاہی فراہم کی جائے گی،سب امور کی تکمیل کے لئے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے گی اور بہترین سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات