چیئرمین سینیٹ کی آل پاکستان نیوزپیپر سوسائٹی کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

امید ہے اے پی این ایس کی نو منتخب باڈی صحافیوں کی فلاح و بہبود اور صحافت میں اعلی اقدار کی ترویج میں فعال کردار ادا کریگی، صادق سنجرانی

پیر 4 مارچ 2024 17:57

چیئرمین سینیٹ کی آل پاکستان نیوزپیپر سوسائٹی کے نومنتخب عہدیداران ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2024ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ امید ہے اے پی این ایس کی نو منتخب باڈی صحافیوں کی فلاح و بہبود اور صحافت میں اعلی اقدار کی ترویج میں فعال کردار ادا کریگی۔ چیئرمین سینیٹ نے اے پی این ایس کے نومنتخب صدر نازآفرین سہگل لاکھانی، سیکرٹری جنرل سرمد علی، سینئر نائب صدر امتنان شاہد، نائب صدر محمد اسلم قاضی، جوائنٹ سیکریٹری سید محمد منیر جیلانی اور فنانس سیکرٹری شہاب زبیری سمیت دیگر نو منتخب عہدیداران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے اے پی این ایس کے نو منتخب عہدیداران کے نام اپنے پیغام میں مزید کہا کہ امید ہے اے پی این ایس کی نو منتخب باڈی صحافیوں کی فلاح و بہبود اور صحافت میں اعلی اقدار کی ترویج میں فعال کردار ادا کریگی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ پاکستان میں صحافتی اقدار کو برقرار رکھنے، آزادی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی کو فروغ دینے میں اے پی این ایس کا اہم کردار اہم رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے پی این ایس کی قیادت ایک آزاد اور ذمہ دار صحافت کی اقدار کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔محمد صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھا کہ اے پی این ایس عوامی رائے عامہ کو تشکیل دینے اور ذمہ دار افراد کو جوابدہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے اور میڈیا کی آزادی اور تحفظ یقینی بنانا ہم سب کا فرض ہے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ اے پی این ایس پرنٹ میڈیا کی بہتری کے لئے اہم کردار ادا کرے گا۔میڈیا کی بدولت آج دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا صرف ایک صنعت نہیں ہے یہ عوام کی آواز ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ اے پی این ایس کی نو منتخب قیادت پرنٹ میڈیا کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں گے اور ڈیجیٹل منظرنامے میں درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لئے اہم کردار ادا کرے گی۔