نواب اکبر بگٹی ایکسپریس بحال کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد موخر

منگل 5 مارچ 2024 22:31

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مارچ2024ء) محکمہ ریلویز نے کوئٹہ سے لاہور جانے والی نواب اکبر بگٹی ایکسپریس بحال کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد موخر کردیا۔محکمہ ریلوے کے حکام کے مطابق گزشتہ سال دسمبر میں کوئٹہ سے کراچی کیلئے بولان ایکسپریس کی بحالی کے افتتا ح کے موقع پر 23 مارچ سے لاہور کیلئے نواب اکبر بگٹی ایکسپریس بحال کر نے کا اعلان کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے محکمہ ریلوے کو نواب اکبر بگٹی ایکسپریس بحال کرنے کے احکامات دئیے گئے تھے۔تاہم انوار الحق کاکڑ کے سبکدوش ہونے کے بعد محکمہ ریلوے نے ان کی ہدایت کو نظر انداز کرتے ہوئے 15 مارچ سے نافذالعمل ہونے والے ٹرینوں کے شیڈول میں نواب اکبر بگٹی ایکسپریس کے ٹائم ٹیبل کو شامل نہیں کیا۔جبکہ کوئٹہ سمیت بلوچستان سے پاکستان کے دیگر صوبوں اور شہروں کو جانے والے مسافروں اور شہریوں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں ، تنظیموں کا یہ دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ اکبر بگٹی ایکسپریس کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ لوگوں کو سفری سہولیات میسر آسکیں۔