شیخ رشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر سماعت

وفاقی کابینہ کی تشکیل کے بعد ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ ہوگا.وزارت داخلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 6 مارچ 2024 13:02

شیخ رشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر سماعت
روالپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 مارچ۔2024 ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کے دوران وزارت داخلہ کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ ہوگا. لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس مرزا وقاص رﺅف پر مشتمل راولپنڈی ڈویژن بینچ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی.

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ اور سیکشن افسر ای سی ایل طلبی پر عدالت حاضر ہوئے وزارت داخلہ کے افسران نے عدالت کو بتایا کہ سیکرٹری داخلہ سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث حاضر نہیں ہو سکے. عدالت نے استفسار کیا کہ شیخ رشید کا نام کس بنیاد پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا، جس پر وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ سابق وزیر داخلہ کا نام گزشتہ سال 23 جون کو نیب کے ایک خط کی بنیاد پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا.

وزارت داخلہ کے افسران نے بتایا کہ نیب حکام 190 ملین پاﺅنڈ ریفرنس میں ان سے معلومات حاصل کرنا چاہتے تھے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس ریفرنس میں نیب کے مطابق شیخ رشید ملزم نہیں، 2 ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے. وزارت داخلہ کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید کا نام نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ ہوگا عدالت نے ہدایت دی کہ دو بجے تک تحریری طور پر اگاہ کریں کہ شیخ رشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے بارے میں کیا اقدامات کیے گئے بعد ازاں، سماعت 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی.