مسافروں کو معیاری اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، سیکر ٹری ٹرانسپورٹ پنجاب

بدھ 6 مارچ 2024 20:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2024ء) سیکرٹری پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فیصل سلطان نے کہا ہے کہ مسافروں کو معیاری،آرام دہ اور سہل سفری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیح ہے ،اس مقصد کے لئے مسافر گاڑیوں کی فٹنس لازم وملزوم ہے اوروہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفیکیشن سسٹم فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر ٹرانسپورٹ گاڑیاں سڑکوں پر لانا جرم ہے لہذا ٹرانسپورٹرز عملدرآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے یہ بات جنرل بس سٹینڈ میں وکس سسٹم پر عملدرآمد کا جائزہ اور ٹرانسپورٹرزسے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی احمد رضا اور اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر رانا حبیب اللہ بھی موجود تھے۔ سیکرٹری پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے جنرل بس سٹینڈکے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور مسافروں کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اوورچارجنگ ، اوورلوڈنگ کی سختی سے حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ شعبہ ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لئے متعدد انقلابی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بس سٹینڈ میں واش رومز کی موجودگی اور صفائی کے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔سیکرٹری پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا کہ شاہرات پر دوران انسپکشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹ کے مالکان وڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی جائے۔

انہوں نے مختلف دیگر ٹرانسپورٹ سٹینڈز کا بھی دورہ کیا اورمختلف شہروں کو روانہ ہونے والی بسوں کے مسافروں سے کرایوں کے حوالے سے دریافت کیا۔انہوں نے سیکرٹری آرٹی اے آفس کا بھی دورہ کیا اور چنگ جی رکشہ کی رجسٹریشن کے لئے قائم کاؤنٹرپر سٹاف کی ڈیوٹیز چیک اور رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل رکشہ کو نیٹ ورک میں لایا جارہا ہے۔انہوں نے موقع پر موجود رکشہ ڈرائیورز سے بھی ملاقات کی اور ان کے بعض تحفظات سنتے ہوئے کہا کہ شاہرات پر قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے جبکہ موٹر سائیکل رکشہ کی رجسٹریشن کے عمل میں حتی المقدور معاونت کی جارہی ہے۔سیکرٹری آر ٹی اے نے رکشہ جات کی رجسٹریشن کے عمل کے بارے میں بریفنگ دی۔