سرکاری ریلوے کوارٹرز میں درجنوںغیر قانونی رہائش پذیرکرائے داروں کا انکشاف

بدھ 6 مارچ 2024 20:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2024ء) سرکاری ریلوے کوارٹرز میں درجنوںغیر قانونی رہائش پذیرکرائے داروں کا انکشاف ہوا ہے ، ریلوے افسران کی مبینہ سرپرستی میں غیر قانونی طور پر کرائے دار بٹھا کر بھاری کرایہ وصولی جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ اور گردونواح میں سینکڑوں ریلوئے کوارٹرز میں درجنوں ایسے کوارٹرز کا انکشاف ہوا ہے جہاں غیر قانونی طور پر ریلوے ملازمین ،افسران نے اپنے الاٹ شدہ کوارٹر بھاری کرایوںپر دے رکھے ہیں جہاں غیر قانونی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں ،مقامی ریلوے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے ایسے تمام ریلوئے ملازمین سے مقررہ کرایوں سے حصہ وصول کیا جارہا ہے ،متعدد بار ریلوے حکام کی جانب سے ریلوے کوارٹرز کرائے پر دینے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کے اعلانات تو کئے جاتے رہے ہیں لیکن انکے خلاف کوئی موثر کارروائی نہ ہونے سے ایسے عناصر کے حوصلے بلند ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ریلوے حکام نے ملک بھر میں ریلوے ملازمین کی رہائش کے لئے بنائے گئے کوارٹرز کا ازسر نو سروے کرنیکا فیصلہ بھی کیا تھا ،ریلوے حکام کو مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ ریلوئے کوارٹرز میں غیر قانونی افراد سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں ،اور مبینہ طورپر جرائم پیشہ عناصر نے ریلوئے کوارٹرز کو اپنا محفوظ مسکن بنایا ہوا ہے ،ان اطلاعات کے بعد ریلوئے حکام نے ریلوئے کوارٹرز کا ازسر نو سروے کا فیصلہ کیا تھا جس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا ،ریلوئے کوارٹرز میں بجلی ،گیس ،پانی کی سہولیات میسر ہونے کی وجہ سے کوارٹرز بھاری کرایوںپر دیے جاتے ہیں سنجیدہ حلقوں نے ایسے تمام ملازمین جنہوں نے اپنے الاٹ شدہ کوارٹرز غیر قانونی طور پر فروخت اور کرائے پر دئیے ہیں انکے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کرنیکا مطالبہ کیا ہے ۔