لله*لورالائی میں محکمہ پولیس کے اہلکاروں کی جائز پروموشن عرصہ دراز سے روکنا قابل مذمت ہے، مصطفی کمال کاکڑ

؁اہلکاروں اور افسروں کی پروموشن جلد از جلد کرکے محکمہ اپنے ملازمین کی حوصلہ افزائی کریں، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی لورالائی

بدھ 6 مارچ 2024 20:35

لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2024ء) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی لورالائی کے ضلعی سیکرٹری مصطفی کمال کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لورالائی میں پولیس اہلکاروں اور افسروں کی ترقی اور پروموشن گزشتہ 15 سال سے روکی ہوئی ہے، 2008 اور 2009 میں بلوچ بیلٹ میں سیٹلرز پولیس اہلکار اور افسران کی ٹارگٹ کلنگ جب عروج پر تھی تو اس وقت اکثر سیٹلرز کو لورالائی رینج میں ٹرانسفر کر دیا گیا تھا جو کہ نہ صرف مقامی پولیس اہلکاروں کی حق تلفی کی گئی تھی بلکہ ان کی سینیارٹی متاثر ہوئی ہے جو آج تک ان کا جائز پروموشن روکی ہوئی ہے، لورالائی رینج میں ابھی تک 2010 کے پروبیشنرز ابھی تک پروموٹ نہیں کئے گئے ہیں جب کہ دیگر رینجوں میں 2016 کے اہلکاروں کو پروموٹ کر دیا گیا تھا، اسی طرح لورالائی رینج کو دو دفعہ توڑنے کی وجہ سے بھی ہمارے مقامی پولیس اہلکاروں کی سینیارٹی بہت متاثر ہوئی ہے، 2017 سے ضلع دکی کے 325 پوسٹ حکومت بلوچستان نے آئی جی پولیس کی سمری پر باقاعدہ طور پر اپرو کی گئی ہے لیکن تاحال اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکریٹری بلوچستان، ہوم سیکرٹری اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لورالائی پولیس اہلکاروں اور افسروں کی پروموشن جلد از جلد کریں اور محکمہ اپنے ملازمین کی حوصلہ افزائی کریں۔