ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ٹرسٹ کو جعلی دستاویزات کے ذریعے ہتھیانے کا انکشاف

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بیٹی کی 2سال کی جدوجہد کے بعد مبینہ جعل سازوں کیخلاف لاہور میں مقدمہ درج

بدھ 6 مارچ 2024 22:25

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ٹرسٹ کو جعلی دستاویزات کے ذریعے ہتھیانے کا انکشاف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2024ء) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ٹرسٹ کو جعلی دستاویزات کے ذریعے ہتھیانے اور فنڈز میں خرد برد کا انکشاف ہوا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ٹرسٹ کو جعلی دستاویزات کے ذریعے ہتھیانے اور فنڈز میں خرد برد کا انکشاف ہوا ہے۔محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، ان کا خواب تھا کہ لاہور میں عوام کے مفت علاج کیلئے ایک اسپتال بنائیں۔

اس حوالے سے انہوں نے ایک بورڈ آف ٹرسٹ بنایا تھا،پھر بعض ممبران کو انہوں نے اپنی زندگی میں ہی ٹرسٹ سے نکال دیا تھا تاہم ان کی وفات کے بعد ان افراد نے جعل سازی کرکے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام ہی ٹرسٹ سے نکال دیا اور جعلی دستاویزات پر ٹرسٹ ڈیڈ رجسٹر بھی کرالی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بیٹی کی 2سال کی جدوجہد کے بعد بالآخر مبینہ جعل سازوں کے خلاف لاہور میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

اس حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈاکٹر دینا نے بتایا کہ والد کے ٹرسٹ کو جعل سازوں سے بچانے کیلئے انہوں نے ہر دروازہ کھٹکھٹایا لیکن انہیں انصاف نہ ملا اور الٹا مخالفین نے ان کی ذات پر کیچڑ بھی اچھالا۔ڈاکٹر ڈینا نے کہاکہ جعل سازی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے بعد انہیں امید ہے کہ عدالتیں انصاف فراہم کریں گی اور وہ اپنے والد کا خواب پورا کر سکیں گی۔