روزہ تقویٰ اور پرہیز گاری سکھاتا ہے، پروفیسر ذوالقرنین

تزکیہ نفس کیلئے ہماری سوچ اور خیالات پاکیزہ ہونے چاہئیں،اراکین شوریٰ ہمدرد

جمعرات 7 مارچ 2024 21:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2024ء) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام شوریٰ ہمدرد پشاور کا ماہانہ اجلاس گزشتہ روز سروسز کلب پشاور صدرمیں منعقد ہوا ،جس کی صدارت اسپیکر شوریٰ ہمدرد پشاور پروفیسر ڈاکٹر عدنان سرور خان نے کی۔ اجلاس کا موضوع ’’ماہ ِ صیام اور تزکیہ نفس‘ تھا۔مہمان مقررشیخ زید اسلامک سنٹر پشاور کے پروفیسر ذوالقرنین القرنی نے مذکورہ موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ روزہ تقویٰ اور پرہیز گاری سکھاتا ہے، بندے کے اندر ملکوتی صفات پیدا کرتا ہے،روزے کا مقصد گناہوں سے بچنا، تقویٰ اختیار کرنا ہے، روزے کا سب سے بڑا فائدہ اور حکمت یہ ہے کہ اس کے ذریعے نفس پر کنٹرول کر کے الله کی اطاعت و فرماں برداری کرنے اور شریعت کے مطابق زندگی گزارنے کا مزاج بنتا ہے۔

(جاری ہے)

تزکیہ نفس کیلئے ہماری سوچ اور خیالات پاکیزہ ہونے چاہئیں۔اس موقع پر اراکین شوریٰ ہمدرد سید مشتاق حسین بخاری ، پروفیسر حامد محمود، قاری شاہد اعظم ،ڈاکٹرذاکر شاہ، حکیم خان کنڈی اور حاجی غلام مصطفیٰ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام الله تعالیٰ کی طرف سے تحفہ ہے، یہ ہمیںبخشش کا موقع فراہم کرتا ہے، ہمیں گناہوں سے توبہ کرنی چاہئیے اور الله تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئیے،روزے کے لئے رزق حلال کا ہونا بھی بہت ضروری ہے،روزے سے ہمارے بدن ، ذہن ، دل اوردماغ کا تزکیہ ہو جاتا ہے،یہ اور عبادات سے مختلف عبادت ہے،جس کا اًجر الله تعالیٰ خود دے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ رمضان اور قرآن آپس میں لازم و ملزوم ہیں،اس مقدس ماہ میں ہمیںقرآن کریم ترجمہ، تفسیر کے ساتھ اور سمجھ کر پڑھنا چاہئیے،اس مقدس مہینے میں اپنے فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئیے جبکہ مخیر حضرات کواس ماہ مقدس میں غریب اور سفید پوش لوگوں کا بھی خیال رکھنا چاہئیے ۔