خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، 2 دہشت گرد جہنم واصل

جمعرات 7 مارچ 2024 23:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2024ء) خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 6/7 مارچ کی درمیانی رات دو علیحدہ کارروائیوں میں دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ایک خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائی خیبر ضلع میں کی گئی۔کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد گروہ کے لیڈر "شمروز عرف شینے" کو جہنم واصل کر دیا۔

(جاری ہے)

سکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کی جہاں دہشت گرد "منصور" مارا گیا۔مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔علاقے میں کسی بھی دیگر دہشت گرد کا صفایا کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ علاقے کے عوام نے کارروائیوں کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی پوری حمایت کا اظہار کیا ہے۔