راجہ پرویز اشرف و دیگر کے خلاف رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنسز کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی

جمعرات 7 مارچ 2024 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2024ء) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف و دیگر کے خلاف رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنسز کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے ایک ریفرنس میں دلائل طلب کر لئے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنسز پر سماعت کی تو نیب پراسیکیوٹر خواجہ منظور لون نے بتایا کہ ایک ریفرنس پر ابھی تک چارج فریم نہیں ہو سکا ، ایک ریفرنس میں چارج فریم ہو چکا ہے اور شواہد کی حد تک پہنچ گیا ہے ، رینٹل پاور پراجیکٹ کے ایک ریفرنس میں ابھی تک 4 گواہان کے بیانات قلمبند ہوئے ہیں ۔

فاضل جج نے کہا کہ آئندہ سماعت پر گواہان کو عدالت بلائیں اور جن گواہان کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں ان پر جرح کریں ۔ عدالت نے کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی ۔