پیمرا ٹی وی چینلزپررمضان المبارک کے تقدس کو پامال ہونے سے روکی: شجاع الدین شیخ

جمعہ 8 مارچ 2024 21:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2024ء) پیمرا ٹی وی چینلز پر رمضان المبارک کے تقدس کو پامال ہونے سے روکے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی۔ اُنہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے جو رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے لیکن گذشتہ چند برسوں سے ٹی وی چینلز پر خصوصی رمضان ٹرانسمیشنز کے نام پر جو بیہودگی اور کھیل تماشہ ہوتا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پیمرا تمام ٹی وی چینلز کو ایک ضابطہ اخلاق کا پابند بنائے اور صرف دین کا علم رکھنے والے حضرات کو رمضان ٹرانسمیشن کے پروگراموں میں شرکت کی اجازت دی جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ سحر اور افطار کی مقدس ساعتوں میں غیر اخلاقی اور فحاشی پر مبنی اشتہارات اور پروگراموں پر بھی پابندی عائد کی جائے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف اسرائیل غزہ کے مسلمانوں پر بدترین بمباری کر رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں عورتوں، بچوں اور بوڑھوں کی شہادت ہو رہی ہے لیکن دوسری طرف ڈھٹائی کا یہ عالم ہے کہ صیہونی نواز کمپنی KFC کے تعاون سے PSL کا میلہ جاری ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ ایک اسلامی نظریاتی ریاست میں ٹی وی چینلز پر کسی بھی قسم کے غیر اسلامی اور خلاف شریعت مواد کی نشریات اللہ اور رسول ﷺ کی تعلیمات سے اعلانیہ بغاوت ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اس ماہ مبارک کے دوران انفرادی اور اجتماعی سطح پر توبہ کریں۔ فلسطینی مسلمانوں اور مسجدِ اقصیٰ کی حرمت کے لیے خصوصی نوافل اور دعاؤں کا اہتمام کیا جائے اور غزہ کے مجبور اور محصور مسلمانوں کی ہر ممکن مالی مدد کی جائے۔

حکومتِ پاکستان پر عوامی دباؤ بڑھایا جائے کہ فلسطینی مسلمانوں کی عسکری مدد بھی کی جائے۔ رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹتے ہوئے اس بات کا عزم کریں کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ تب ہی ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا اور اخروی نجات حاصل ہوگی۔